پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شکست پر امریکی ترجمان کا دلچسپ جواب

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیگ میچ میں امریکا کے ہاتھوں پاکستان کی شکست پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ میں جب بھی ایسے کسی معاملے پر بولتا ہوں جس میں مہارت نہ ہو تو مشکل میں پڑ جاتا ہوں۔میڈیا بریفنگ کے دوران میتھیو ملر نے کہا کہ کرکٹ کے معاملات میں ان سے کچھ پوچھا جائے جو اس کھیل اور اس کے مبادیات کو اچھی طرح جانتے ہوں۔انڈیا ٹوڈے نے اپنے تبصرے میں کہا کہ میتھیو ملر کے جواب سے یہ اندازہ ہو جاتا ہے کہ کرکٹ چاہے جنوبی ایشیا سمیت متعدد خطوں میں غیر معمولی مقبولیت سے ہم کنار ہو تاہم امریکا میں ابھی تک اس کھیل کی خاطر خواہ پذیرائی نہیں کی گئی ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھیل کو مقبولیت سے ہم کنار کرنے کے لیے امریکا کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی سونپی۔ ایونٹ میں امریکی ٹیم کی کارکردگی اب تک بہت اچھی رہی ہے اور اس کے اگلے مرحلے یعنی سپر ایٹ میں پہنچنے کا امکان بھی برقرار ہے۔امریکی ٹیم نے 6 جون کو ڈیلاس کے گرینڈ پریرے اسٹیڈیم میں پاکستان کو سپر اوور میں شکست دی تھی۔ پاکستان کی تجربہ کار ٹیم کے مقابل شیر خوار امریکی کرکٹ ٹیم کی شاندار کارکردگی نے دنیا بھر میں کرکٹ کے شائقین کو خوش گوار حیرت سے دوچار کردیا تھا۔امریکا ک ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم بھارت سے بھی ہارنے پر شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ اس کا سپر ایٹ مرحلے میں پہنچے کا معاملہ اب اگر مگر کا شکار ہوچکا ہے۔

ای پیپر دی نیشن