آمدن سے زائد اثاثے ، خواجہ آصف مزید 10روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ) آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں احتساب عدالت نے لیگی رہنما خواجہ آصف کے جسمانی ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع کر دی۔ عدالت نے لیگی رہنما کو 22 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ احتساب عدالت کے ایڈمن جج جوادالحسن نے خواجہ آصف کے جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ سنایا۔ خواجہ آصف کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ خواجہ آصف نیب پنڈی کو باقاعدہ تمام سوالات کا جواب دے چکے۔کاروبا کرنا قانونی طورپر ہرشخص کا حق ہے۔ قانون اجازت دیتا ہے۔ نیب کی جانب سے سیاسی کیس بنایا گیا۔ عدالت سے استدعا ہے کہ جوڈیشل ریمانڈ پر خواجہ آصف کو جیل بھیجنے کا حکم دیا جائے۔