جنگوں میں شاندار کارنامے دکھانے والے ونگ کمانڈر طارق حبیب انتقال کرگئے
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) 1965 اور 1971کی پاک بھارت جنگوں میں شاندار کارنامے دکھا نے والے پاک فضائیہ کے مایہ ناز ہوا بازونگ کمانڈر (ریٹائرڈ) طارق حبیب خان طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ حکومت پاکستان نے ان کی بہادری اور جرات کے اعتراف میں انہیں ستارہ جرأت سے نوازا تھا۔انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ چکلالہ میں پاک فضائیہ کے قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔پاک فضائیہ کے سربراہ ، ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے عظیم جنگی ہیرو کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ائیر چیف نے پاک فضائیہ کے ہیرو کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دونوں پاک بھارت جنگوں میں انکے کارناموں کو سراہا۔ ائیر چیف نے مزید کہا کہ وہ ایک غیر معمولی فائٹر پائلٹ اور ایک محب وطن پاکستانی تھے جنکی مادرِ وطن کی خاطر سر انجام دی گئی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ قبل ازیں انکی نمازِ جنازہ پی اے ایف بیس نور خان میں ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں جنگی ہیروز، اعلیٰ سول و ملٹری شخصیات اور زندگی کے دوسرے شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ونگ کمانڈر(ریٹائرڈ) طارق حبیب خان کے اہلِ خانہ اور دوست احباب بھی جنازہ میں شریک تھے۔