رزاق ٹاؤن ، رحمت ٹاؤن اور ملحقہ آبادیوں میں 48گھنٹے سے بجلی کا طویل بریک ڈاؤن
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)نیو اور پرانا چاکرہ کے علاقوں رزاق ٹاؤن ، رحمت ٹاؤن اور ملحقہ آبادیوں میں گزشتہ 48گھنٹے سے بجلی کے طویل بریک ڈاؤن نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ۔ اتوار کی رات سے بجلی کے مسلسل تعطل نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے حکومتی دعوے بے بنیاد ہیں۔ گزشتہ کئی ماہ سے روزانہ چار سے چھے گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے۔ اتوار کی رات سے منگل کی شام تک بجلی ایک مرتبہ بھی نہیں آئی جس کی وجہ سے معمولاتِ زندگی بُری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ پانی کی عدم دستیابی نے گھروں میں بچوں اور خواتین اور مساجد میں نمازیوں کے لیے انتہائی مشکلات پیدا کر رکھی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومتی بجلی کے بحران پر قابو پانے میں اپنی ناکامی کا اعتراف کرے اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو تمام علاقوں پر یکساں تقسیم کرے یا زراق ٹاؤن، رحمت ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائے۔ آخری خبریں آنے تک پرانا چاکرہ کے علاقے میں بجلی بحال ہوگئی تھی۔