کالے منڈی امجد بازار میں سہولیات کے فقدان، تاجروں نے مسائل کے انبار لگا دیئے
ملتان (نیوز رپورٹر) صفائی کی ابتر صورتحال، تجاوزات کی بھرمار، خراب سٹریٹ لائٹس اور جیب کترے مرد و خواتین نے تاجروں اور خریداروں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ انجمن تاجران کالے منڈی امجد بازار کے تاجروں سے جب مسائل کے حوالے سے گفتگو کی گئی تو انہوں نے شکایتوں کے انبار لگا دیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کی صورت میں پھٹہ مافیا گلیوں اور بازار میں قابض ہے جو خریداروں سے بدتمیزی کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران کالے منڈی امجد بازار نے نوائے وقت کی جانب سے کئے گئے خصوصی سروے میں کیا۔ اس موقع پر صدر مختار قریشی نے کہا کہ بازار میں صفائی کی صورتحال خراب ہے۔ تاجروں کو کافی پریشانی کا سامنا ہے۔ نائب صدر حاجی رفیق اور جنرل سیکرٹری وقار النبی نے کہا کہ بازار میں تجاوزات کی بھرمار ہے۔ محمد اعجاز، محمد جمیل اور سعید اللہ کا کہنا ہے کہ خراب سٹریٹ لائٹس کے باعث تاجر رات کو دکانوں کے باہر لگی لائٹس جلانے پر مجبور ہیں جس سے شارٹ سرکٹ کا خطرہ منڈلاتا رہتا ہے۔ خلیل احمد اور علی اکبر نے کہا کہ بازار میں جیب کترے مرد و خواتین خریداروں کو قیمتی سامان سے محروم کر دیتے ہیں۔ محمد اقبال اور محمد ارسلان کا کہنا ہے کہ تھانہ کپ کو کئی بار درخواستیں دی ہیں مگر پولیس گشت کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ تاجروں نے مطالبہ کیا کہ ہمارے مسائل فی الفور حل کئے جائیں۔