امریکہ اور سعودی عرب کی مشترکہ فوجی مشقیں شروع ہو گئیں
جدہ (آن لائن) سعودی عرب اور امریکہ کی مسلح افواج کی مشترکہ فوجی مشقیں ’فرینڈ شپ 2018ئ‘ مملکت کے شمالی علاقے میں شروع ہوگئیں۔ ان مشقوں میں شاہی گارڈز کی بری فوج کے دستے حصہ لے رہے ہیں۔ سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان ’فرینڈ شپ مشقوں کی یہ چوتھی مشقیں ہیں۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق دونوں دوست ملکوں کی افواج پر مشتمل یہ مشقیں کئی ہفتوں تک جاری رہیں گی۔ ان مشقوں کے دوران ایک دوسرے کی عسکری قابلیت سے استفادہ کرنا، مشترکہ تعاون کا فروغ، پلاننگ، ڈویلپمنٹ، کمانڈ وفیلڈ کنٹرول اور دیگر روایتی اور غیر روایتی جنگی تجربات کئے جائیں گے۔ سعودی عرب کی شمالی ریجن کے کمانڈر میجر جنرل صالح بن احمد الزھرانی نے بتایا کہ فرینڈ شپ مشقیں امریکا اور سعودی عرب کی بری فوج کی سب سے اہم مشقیں ہیں جو سالانہ بنیادوں پر منظم انداز میں ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مشقوں کا مقصد دونوں ملکوں کی افواج کو ایک دوسرے کے جنگی اسالیب سے آگاہ کرنا، روایتی اور غیر روایتی جنگ کی تیاری میں ایک دوسرے کی مدد کرنا اور فوج کی دفاعی استعداد اور جنگی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔