پنجاب حکومت کی مالیاتی پالیسیوں اور اقدامات سے دیگر صوبے مستفید ہو رہے ہیں: عائشہ غوث
لاہور (کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث نے کہا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے میگا پروجیکٹس کی تیز رفتاری سے تکمیل کے لیے حکومت پنجاب کا مالیاتی ڈسپلن دیگر صوبوں کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔ترقیاتی منصوبوں میں گڈگورنس،شفافیت اور معیار کو قائم رکھنے کے لیے مروجہ قوانین کی پابندی کے باعث بیرونی سرمایہ کار پنجاب میں بھر پور دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔حکومت پنجاب کی مالیاتی پالیسیوں اور اقدامات سے پاکستان کے دیگر صوبے بھی رہنمائی حاصل کر رہے ہیں۔ این ایف سی اور بین الصوبائی رابطہ کونسلز جیسے پلیٹ فارم چاروں صوبوں کے مابین رابطے کے فروغ اور اجتماعی و انفرادی نوعیت کے مسائل کے حل میںاہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ دربار ہال میں ڈاکٹر ہیمنگ،ڈاکٹر کرسٹینا بولنگ ،المنت نوف، ڈاکٹر جیورجن زول اور GIZکی نمائندہ ڈاکٹرجولیا پر مشتمل جرمن وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔