شہباز شریف کو لیپ ٹاپ اسکیم میں کلین چٹ مل گئی
لاہور: پنجاب حکومت نے صوبائی اسمبلی میں پیش کی جانے والی رپورٹ میں سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کو لیپ ٹاپ اسکیم میں کلین چٹ دے دی۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف ایک اور الزام سے بری ہوگئے ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے ایک سوال کے تحریری جواب میں کہا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے لیپ ٹاپ انتہائی کم بولی والی فرم سے خریدے تھے، نیب لاہور نے گزشتہ مارچ سے انکوائری شروع کر رکھی ہے جس میں ایک فرد پر بھی بد عنوانی ثابت نہیں ہوئی۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ یہ بات درست نہیں کہ لیپ ٹاپ تقسیم میں سیاستدان اور بیوروکریٹس بدعنوانی کے مرتکب ہوئے اور یہ الزام بھی درست نہیں کہ ہزاروں کی تعداد میں لیپ ٹاپ غائب کیے گئے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نیب لاہور نے گزشتہ سال مارچ سے ایک انکوائری شروع کررکھی ہے مگر ابھی تک ایک فرد بھی بدعنوانی میں ملوث نہیں پایا گیا۔