ماحولیاتی مسائل پوری دنیا کیلئے سنگین خطرہ ہیں،صدف یسین
راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے) ماحولیاتی مسائل پوری دنیا کے لئے سنگین خطرہ ہیں پاکستان میں آبی ذخائرکی تعمیر و ماحول دوست ٹیکنالوجیز کوفروغ دینے کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر ماحولیاتی کثافتوں کو دور کرنے ، قدرتی وسائل کے بے جا استعمال کی روک تھام اورشعوری آگاہی کے لئے ہنگامی سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے یہ بات ماہر ماحولیات صدف یسین نے نیشنل کلینئر پروڈکشن سینٹر کے زیر اہتمام بارانی یونیورسٹی راولپنڈی میں ماحولیات کے عالمی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میںوائس چانسلر بارانی یونیورسٹی ڈاکٹر ثروت ناز مرزا ، فکلیٹی ممبران اور طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی وائس چانسلرنے کہا کہ آبادی میں اضافے اور صنعتی ترقی سے ماحولیاتی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے جن پر قابو پانے کیلئے اجتماعی سطح پر کوششوں کی ضرورت ہے یونیورسٹی میں ماحولیاتی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ ساتھ مختلف نوعیت کی سرگرمیاں جاری ہیں جن کے زریعے ماحولیاتی تحفظ کا پیغام عام کیا جا تا ہے صدر اکیڈیمی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر قاسم جان نے خطاب کرتے ہوئے ماحولیاتی مسائل اور ان کے سدباب کے اقدامات پرروشنی ڈالی صدف یسین نے کہاکہ کوآرڈینیٹر این سی پی سی ارشاد رامے کی سربراہی میں ماحولیاتی مسائل کے تدارک کے لئے مختلف نوعیت کے منصوبے جاری ہیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوںکو ان میں شریک کرکے انہیں موسمی تغیرات کے مضر اثرات سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔