اپوزیشن احتجاج میں عدلیہ و ریاستی اداروں کے خلاف نعرے باعث تشویش ہیں، نصرت واحد
کراچی(خصوصی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف وومن ونگ سندھ کی صدر نصرت واحد نے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی سمیت دیگر 6 جماعتوں کے احتجاج کے دوران عدلیہ اور ریاستی اداروں کے خلاف توہین آمیز نعرے بازی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن احتجاج میں عدلیہ اور ریاستی اداروں کے خلاف نعرے بازی باعث تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی سابق وزیر خاتون شہزادہ کوثر گیلانی اور امتاز راجہ کے خلاف واقعہ کا مقدمہ درست عمل ہے۔ دیگر اپوزیشن رہنمائوں کے خلاف بھی انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے تاکہ اس قسم کا واقعہ دوبارہ ہونے کا سدباب ہوسکے۔ نصرت واحد نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر پر 35 ارب روپے کی کرپشن اور منی لانڈرنگ پر سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے سوموٹو ایکشن اور جے آئی ٹی کی تشکیل کے عندیہ پر پیپلز پارٹی بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی بینک اکائونٹس کے ذریعے 35 ارب کی کرپشن چھپانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی اے افسران و دیگر افراد کو حراساں کرنے کی روک تھام کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ فریال تالپور کی جانب سے لاڑکانہ ڈولپمنٹ اتھارٹی میں اربوں روپے کی لوٹ مارپر بھی سوموٹو ایکشن لینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور نے 35 ارب روپے کی کرپشن کی تحقیقات کیلئے نوازشریف کی طرز پر جے آئی ٹی بنائی جائے تاکہ کیس کی شفاف تحقیقات اور کوئی اس پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہ کرسکے۔