بجلی قیمت میں مزید 7.12 روپے یونٹ اضافہ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ 

 اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نیپرا میں بجلی کی بنیادی قیمت میں اضافے کی درخواست پر سماعت کے دوران پاور ڈویژن کے حکام نے بتایا کہ کے الیکڑک صارفین کو 177ارب اور دیگر تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے صارفین کو 313 ارب کی سبسڈی دے رہے ہیں۔ سماعت کے دوران پاور ڈویژن حکام نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے 200 یونٹ تک والے صارفین کو 3 ماہ کے لیے ریلیف دیا ہے، ملک کے86 فیصد گھریلو صارفین کو ٹیرف میں ریلیف کا فائدہ ہوگا۔ وفاقی حکومت 3 ماہ کے لیے ٹیرف پر ریلیف کی مد میں 50 ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔  پاور ڈویژن نے بتایا کہ وفاقی حکومت بجلی صارفین کو رواں مالی سال 490 ارب روپے کی سبسڈی دے گی، کے الیکڑک 177ارب، ڈسکوز صارفین کو313 ارب کی سبسڈی دے رہے ہیں۔ ممبر نیپرا مقصود انور خان نے کہا کہ میرے ڈیٹا کے مطابق 3 ماہ کے لیے 65 فیصد صارفین پر اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا، آپ کہہ رہے کہ 86 فیصد گھریلو صارفین کو فائدہ ہوگا، آپ کے پاس شاید پرانا ڈیٹا ہے اس کو چیک کرلیں۔ سماعت کے دوران فریقین کے دلائل سننے کے بعد نیپرا نے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 12 پیسے تک اضافے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ای پیپر دی نیشن