غزہ: پناہ گزین کیمپ پر حملے میں 29 فلسطینی شہید، حماس سے جھڑپ، اسرائیلی کمانڈو ہلاک

غزہ‘ نیویارک‘ ریاض (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں)  غزہ میں سکول کے قریب پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل کے فضائی حملے میں 29فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ جبکہ حماس سے جھڑپ میں ایک اسرائیلی کمانڈو ہلاک ہو گیا۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کے جنگی طیاروں نے جنوبی غزہ میں خان یونس شہر کے مشرق میں اباسان الکبیرہ قصبے میں العودہ سکول کے قریب قائم پناہ گزین کیمپ کو نشانہ بنایا۔ جاں بحق افراد میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے جبکہ حملے میں 53سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق زخمیوں میں متعدد افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی حملے پر حماس نے خبردار کیا ہے کہ شہریوں پر حملوں سے جنگ بندی مذاکرات کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق حماس کے سنائپر کے حملے میں ہلاک ہونے والے کمانڈو کی شناخت 21 سالہ میگلان کے نام سے ہوئی۔ کمانڈو میگلان اس ٹیم کا حصہ تھے جو اونرا کے ہیڈ کوارٹر پر چھاپہ کارروائی کے لئے پہنچے تھے اور وہاں حماس کے ساتھ جھڑپ ہوئی تھی۔  اقوام متحدہ نے غزہ میں انخلا کے نئے اسرائیلی احکامات پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل کی غذائی قلت مہم فلسطینیوں کی نسل کشی کیلئے ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق اسرائیل نے27 جون سے جاری اپنی فوجی کارروائیوں کے سلسلے میں اب غزہ شہر کے لیے تین اور پٹی کے جنوبی علاقوں کے لیے انخلا کے نئے احکامات جاری کئے۔ اقوام متحدہ نے کہا کہ عام شہریوں کو وسطی غزہ شہر سے مغرب کی طرف جانے کے لیے کہا گیا تھا جہاں وہ نئی اسرائیلی لڑائی میں پھنس گئے کیونکہ اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے جنوب اور مغرب میں اپنے حملوں کو تیز کر دیا ہے اور ان علاقوں کو نشانہ بنایا جہاں انہوں نے لوگوں کو منتقل ہونے کی ہدایت کی تھی۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے 10 آزاد ماہرین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل نے جان بوجھ کر فلسطینیوں کے خلاف غذائی قحط کی مہم شروع کر رکھی ہے جو کہ نسل کشی کی ایک قسم ہے اور جس کے باعث غزہ میں بچے بھوک و افلاس مر رہے ہیں۔ غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی اکتوبر 2023ء سے شروع کی گئی فوجی مہم میں اب تک 33 بچے بھوک کے باعث جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان  نے کہا ہے کہ غزہ کی جنگ نے تنازع فلسطین کے پرامن اور منصفانہ حل کو ناگزیر بنا دیا ہے۔ عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ جب تک فلسطینی ریاست قائم نہیں ہوگی، خطے میں امن اور سلامتی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔

ای پیپر دی نیشن