فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں 5ہزار طالبات زیر تعلیم ہیں، ثمینہ امین قادر
راولپنڈی (نعمان شاد)فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی میں 5000 کے لگ بھگ طالبات زیر تعلیم ہیں ، 1000 طالبات یونیورسٹی کے ہاسٹل میں رہائش پذیر ہیں ،پہلا ڈگری کانوکیشن 2001 میں منعقد کیا گیا تھا ، چکری روڈ پر یونیورسٹی کیمپس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں ،یونیورسٹی سے تعلیم مکمل کرنے والی 52% طالبات مارکیٹ میں مختلف شعبہ جات میں کام کر رہی ہیں ،پی ٹی آئی کی ممبر صوبائی اسمبلی فرحت آغا ممبر گورننگ باڈی کی ممبر ہیں ۔ان خیالات کااظہار فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی سے انگلش لٹریچر میں ماسڑاور انگلینڈ سے لسانیات میں پی ایچ ڈی ہولڈر ڈاکٹر ثمینہ امین قادر نے ’’نوائے وقت‘‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی کا قیام1998 میں وجود میں آیا اور میں ایک سال بعد ہی 1999 میں یونیورسٹی میں تعینات ہوگئی تھی تا ہم وائس چانسلر کے طور پر کام کرتے ہوئے مجھے آٹھواں سال مکمل ہونے والا ہے ،اس وقت یونیورسٹی میں 24 مختلف ڈیپارٹمنٹ ہیں اور ہم کُل 66 ڈگریاں کروا رہے ہیں ،ایچ ای سی کی رینکنگ میں یونیورسٹی کا 18 واں نمبر ہے ،یونیورسٹی میں داخلے اور بھرتیاں مکمل طور پر میرٹ پر کی جاتی ہیں اس معاملے میں یونیورسٹی میں زیرو ٹالرنس ہے ، انہوں نے کہا کہ میں نے جیسے ہی وائس چانسلر کا عہدہ سنبھالا تو مجھے خوشی ہے کہ میں نے یونیورسٹی میں طالبات کے لئے ہاسٹل کی سہولت متعارف کروائی جبکہ اس پہلے یہ سہولت میسر نہیں تھی ، اس وقت ملک بھر سے تقریباً 89 ڈسٹرکٹ سے طالبات یہاں تعلیم حاصل کر رہی ہیں ، ایک سمسٹر کی فیس 23,000 روپے ہے جو کہ دوسری یونیورسٹیوں کے مقابلے میں نہ ہونے کے برابر ہے اور دس فیصد طالبات کو اسکالر شپ دیا جاتا ہے ،انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی منشیات کی لعنت سے بچنے کے لئے ہر ڈیپارٹمنٹ میں ایک فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے جو خاص منشیات کی ترسیل اور روک تھام پر نظر رکھتا ہے اس کے علاوہ جو طالبات جن کے اچانک گریڈ کم ہونا شروع ہو جائے ان کا نفیساتی علاج بھی کیا جاتا ہے ،کوشش ہے کہ ہر سال دو نئے ڈیپارٹمنٹ کھولے جائیں لیکن یونیورسٹی میں جگہ کی کمی کا سامنا ہے ۔