مکرمی! مہنگائی کا سیلاب پورے ملک میں زوروشور سے پھیلا ہوا ہے۔آئے دن بجلی،گیس،پانی اور اشیائے خوردونوش کی قیمتیں اپنے عروج پر پہنچی ہوئی ہیں جس سے پاکستان کی عوام کو شدید اذیت کا سامنا ہے۔ایک طرف مہنگائی اپنے زور پر ہے تو دوسری طرف سردیوں کا موسم اپنے جوبن پر ہے ۔موسم سرما میںگرم کپڑوں ،اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بڑھنے کیساتھ ساتھ گیس کی قیمتوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کوشدید اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔گیس موسم سرما میں عوام النا س کی اشد ضرورت ہے جو کہ آنے کا نام نہیں لیتی۔ گھنٹوں کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث گھروں میں اور صنعتوں میں بھی گیس کی وجہ سے بہت سے مسائل درپیش ہیں ۔کئی گھنٹوں گیس نہیں آتی مگر جب گیس فراہم کی جاتی ہے تو اس کا پریشر انتہائی کم ہوتا ہے گیس آتی نہیں مگر قیمتیں بڑھانا حکومت اپنا فرض اولین سمجھتی ہے ۔گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث مائیں اپنے بچوں کو بغیر ناشتے کے سکول بھیجنے پر مجبور ہیں ۔ ملکی حالات کے پیش نظر غریب عوام مہنگے گیس سلنڈرز کو خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے ۔گزشتہ کئی سالوں سے سردیوں کے موسم میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی معمول بن چکی ہے لیکن اس کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے اور نہ ہی ان کا کوئی حل نکالا گیا ہے ۔ (نائلہ عروج، لاہور)
ایرانی صدر کا دورہ، واشنگٹن کے لیے دو ٹوک پیغام؟
Apr 24, 2024