جب آئین ساز ہی انتقام کا نشانہ بنیں تو کیا ہمیں یوم دستور منانے کا حق ہے ؟ مریم نواز

11 اپریل 2018

اسلام آباد(صباح نیوز) مسلم لیگ(ن) کی رہنما اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ جب آئین شکن قانون سے بالاتر ہوکر مکے لہراتے ہوئے باہر جائیں اورآئین ساز پھانسی، جلاوطنی، نااہلی کی سزائوں اورانتقام کا نشانہ بنیں توکیا ہمیں یوم دستور منانے کا حق ہے۔ پاکستان کے یوم دستور پر ٹوئٹر پر جاری کئے گئے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ آج یوم دستور پر آئین کی بالادستی برقرار رکھنے کی روایتی باتوں کے بجائے آئین کی بالادستی قائم کرنے کا عہد ہونا چاہیئے۔ رہنما مسلم لیگ(ن)مریم نواز نے کہا کہ جب آئین شکن قانون سے بالاتر ہوکر مکے لہراتے ہوئے باہر جائیں اورآئین ساز پھانسی، جلاوطنی، نااہلی کی سزاں اورانتقام کا نشانہ بنیں توکیا ہمیں یوم دستور منانے کا حق ہے۔ اس سے قبل احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان اورآصف علی زرداری کی طرح جو کچھ نہیں کرتے انہیں کچھ نہیں کہتے، مگر ہر 10سال بعد سزائیں گھوم کر ہماری طرف کیوں آجاتی ہیں ؟۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ نیلم جہلم پاور پروجیکٹ 2004 میں مکمل ہونا تھا، 2013 تک نہ ہوا، ہم نے مکمل کیا، مگر یہاں جو ترقیاتی کام کراتے ہیں ان کو نیب کورٹ میں پیشیاں بھگتنی پڑتی ہیں، اس طرح کے فیصلے ملک میں انتشار لانے کا سبب بنتے ہیں۔مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ایک کے بعد ایک ٹرائل ہوا ، پھر بھی کرپشن کا ایک ٹکڑا تک نہیں مل سکا ، دیکھیں کن بنیادوں پر وزیراعظم پاکستان کو نااہل کیا گیا ہے۔