لاہور ایل ڈی اے پلازہ میں خوفناک آتشزدگی
لاہور میں ایجرٹن روڈ پر ایل ڈی اے پلازہ میں آتشزدگی کے دوران تین افراد ساتویں منزل سے چھلانگ لگا کر نیچے گر کر دم توڑ گئے۔ آرمی کے ہیلی کاپٹرز نے عمارت کی چھت پر امداد کے منتظر 20 سے زائد افراد کو بچا لیا۔ آگ بجھانے اور پلازہ میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے شدید مشکلات پیش آئیں۔ اگر ہیلی کاپٹر استعمال نہ ہوتے تو پلازہ میں پھنسے افراد کی زندگی کی کوئی ضمانت نہیں تھی۔ ایل ڈی اے پلازہ عام عمارت نہیں ہے اس کی تعمیر کے دوران ہنگامی حالت سے نمٹنے کے اقدامات کو نظر انداز کیا گیا تھا؟ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام عمارتوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے اور جو بھی کمی یا خامی ہو دور کرنے کی ممکنہ کوشش کی جائے، جہاں میڈیا کی اصلاح کی بھی ضرورت ہے جو جان بچانے کی کوشش میں کودنے والوں کو دکھاتا رہا جو موت کی آغوش میں چلے گئے اور پھر یہ منظر بار بار دکھایا جاتا رہا۔ ایسے عمل سے مرحومین کے لواحقین پر کیا گزرتی ہو گی، ٹی وی چینلز ایسے روح فرسا مناظر دکھانے سے گریز کریں۔