پاکستان اقوام متحدہ کی اکنامک  اینڈ سوشل کونسل کا رکن منتخب

پاکستان ایک مرتبہ پھر اقوام متحدہ کے اہم ادارے اکنامک اینڈ سوشل کونسل (ای سی او ایس او سی) کا رکن منتخب ہوگیا ہے۔پاکستان گیارھویں مرتبہ اقوام متحدہ کے اس اہم اور موثر ادارے کا رکن منتخب ہوا ہے۔ 6 بار پاکستان ای سی او ایس او سی کا صدر بھی رہ چکا ہے۔ رکن منتخب ہونے پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کے ذریعے ٹوئٹر پر وزارتِ خارجہ اور اقوامِ متحدہ میں موجود پاکستانی مشن کو پاکستان کو ایک بار پھر تین برس کے لیے ای سی او ایس او سی کا رکن منتخب کرانے پر مبارک باد پیش کی ہے۔ پاکستان کو رکن منتخب ہونے کے لیے 124 ووٹوں کی ضرورت تھی تاہم اس نے 129 ووٹ حاصل کیے۔ یہ واقعی خوش آئند بات ہے کہ پاکستان ایک بار اقوام متحدہ کی اکنامک اینڈ سوشل کونسل کا رکن منتخب ہوگیا ہے۔ یوں پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر معاشی تعاون کے سلسلے میں مختلف معاہدوں اور تنظیموں پر اثر انداز ہونے کا موقع ملے گا۔ یہ اس لیے بھی ایک اچھی خبر ہے کہ پاکستان کا ہمسایہ ملک بھارت ہروقت تاک میں رہتا ہے کہ وہ کسی بھی طرح پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر نقصان پہنچا سکے لیکن پاکستان جب خود اہم بین الاقوامی تنظیموں اور اداروں کا رکن ہوگا تو وہ نہ صرف بھارت کے منفی پراپیگنڈے سے بچ سکے گا بلکہ طاقت کا توازن قائم کرنے کے لیے بھی بہتر انداز میں اپنا کردار ادا کرسکے گا۔ پاکستان اس سے پہلے بھی ای سی او ایس او سی میں اہم فیصلہ سازی کے سلسلے میں معاون ثابت ہوتا رہا ہے اور امید ہے کہ یکم جنوری 2024ءسے شروع ہونے والی مزید تین برس کی رکنیت کے دور میں بھی پاکستان یہ سلسلہ جاری رکھے گا۔

ای پیپر دی نیشن