برہان وانی کی 8ویں برسی  اور بھارتی مظالم کا تسلسل

کشمیری عوام نے پیر کو کشمیری حریت پسند کمانڈر برہان مظفر وانی کی آٹھویں برسی عقیدت واحترام سے منائی۔ اس سلسلے میں کنٹرول لائن کے دونوں طرف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا۔ دوسری جانب بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے ضلع کپواڑہ سے ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا۔مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج پر نامعلوم افراد کے حملے میں 4 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے۔ حملے میں 6 بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔ بھارتی فوج کی گاڑی پر ضلع کٹھوعہ میں حملہ ہوا، بھارتی فوج کی گاڑی کو دستی بموں اور فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے بعد بھارتی فوج نے علاقے کا محاصرہ کرکے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا ہے۔
برہان مظفر وانی جموں و کشمیرمیں متحرک آزادی پسند جہادی تنظیم حزب المجاہدین کے کمانڈر تھے جنہیں 2016ءمیں بھارتی فوج نے ایک جھڑپ کے دوران شہید کردیا تھا۔ انکی شہادت کے بعد کشمیری مذاہمت کی تاریخ میں سب سے طویل مظاہروں اور احتجاج کا آغاز ہوا جس کو دبانے کیلئے مودی سرکار نے وادی میں نئے قوانین نافذ کرکے بھارتی فورسز کے ذریعے کشمیری عوام بالخصوص نوجوانوں پر بدترین تشدد شروع کردیا۔ مگر کشمیری عوام کے جذبہ آزادی میں کمی آئی اور نہ بھارتی فوج کے بدترین مظالم کے باوجود انہوں نے اپنی جدوجہد آزادی کے مقصد میں ہلکی سی بھی لغزش پیدا ہونے دی۔ برہان مظفروانی کی شہادت سے تحریک آزادی کو نیا جذبہ ملا جس کے بعد اس تحریک میں مزید تیزی آئی۔ بھارت بخوبی جانتا ہے کہ وہ گزشتہ 76 سال کے دوران کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو دبانے کیلئے ہر ہتھکنڈہ استعمال کر چکا ہے مگر وہ کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکا۔ گزشتہ روز برہان وانی کی آٹھویں برسی منائی گئی ‘ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کی گئی اور بھارت کیخلاف نعرے بازی کی گئی۔ بھارتی فوج بدترین کے ظلم و تشدد کے ردعمل میں آزادی پسندوں نے بھارتی فوج کی گاڑی پر حملہ کیا جس کے نتیجہ میں چار بھارتی فوجی مارے گئے۔ کشمیری عوام کا یہ ردعمل بھارت کیلئے آئینہ ہے‘ اسے ادراک ہونا چاہیے کہ کشمیری عوام کے حوصلے اب بھی بلند ہیں اور وہ بھارت سے آزادی لئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

ای پیپر دی نیشن