خلیج میں تیل بردار جہازوں کا تحفظ اولین ترجیح، ایرانی دھمکیوں کو روکیں گے: امریکی وزیر دفاع
واشنگٹن(آن لائن)امریکی وزیر دفاع مارک ایسپرنے کہا ہے کہ خلیج میں تیل بردار جہازوں کا تحفظ امریکہ کی پہلی ترجیح ہے اور اس حوالے سے ایرانی دھمکیوں کو ہرصورت میں روکنا ہوگا۔ یہ بات فرانسیسی ہم منصب فلورنس جار کے ساتھ ایک ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں کی۔پریس کانفرنس میں فرانسیسی وزیر دفاع نے کہا کہ ہر ایک کو خلیج میں نیوی گیشن کے تحفظ کے لئے پرعزم ہونا چاہیے۔امریکی وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ سمندری میں جہاز رانی کا تحفظ امریکا کے لئے ترجیح ہے خلیج یا حتیٰ کہ چین میں کسی کی بھی دھمکیوں کو خاطر میں نہیں لا ئیں گے ۔ایران کے حالیہ موقف اور تہران کی مزید جوہری ذمہ داریوں سے انکار کے بارے میں پوچھے جانے پر ایسپر نے مجھے حیرت نہیں ہے کہ ایران نے دوبارہ جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کا اعلان کیا ہے۔ فرانسیسی وزیر دفاع نے صرف اتنا کہا کہ فرانس کوشش کر رہا ہے کہ ایران جوہری معاہدے کا احترام کرے۔ ادھر امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے کہا کہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے اپنے گورنرز بورڈ کو بتایا ہے کہ ایران جوہری مواد چھپا سکتا ہے۔ عالمی ایٹمی ایجنسی کو ایرانی جوہری مواد خفیہ رکھنے کا علم ہے۔انٹرنیشنل ڈیسک کے مطابق امریکی عہدیدار نے انتباہ کیا جو بھی ایران سے تیل خریدے اور انقلاب پاسداران گارڈز سے کاروبار جاری رکھے گا اس پر پابندیاں لگائیں گے۔ تہران پر بھی دباؤ برقرار رہے گا۔ اسکی تیل کی تجارت سے قدغن ہٹانے کا ارادہ نہیں۔ ٹریژری انڈر سیکرٹری سگال منڈلکر نے کہا ٹرمپ نے جو کہا اس پر عملدرآمد ہو گا۔