حیدرآباد میں چائنا کٹنگ کے خلاف کریک ڈائون، ایف آئی آر درج ‘ملزم گرفتار
حیدرآباد( نامہ نگار) حیدرآباد پولیس نے نیو سبزی منڈی کے قریب چائنا کٹنگ کے ذریعے سرکاری اراضی فروخت کرنے کی کوشش کرنے والے افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے جب کہ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے سپریم کورٹ اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے احکامات پر چائنا کٹنگ اور سرکاری اراضی پرقبضوں میں ملوث مافیا کے خلاف کریک ڈائون کاآغاز کردیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی لینڈ مافیا کی سرپرستی کرنے والے ریونیو افسران کے خلاف بھی بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔ دوسری جانب دریائے سندھ کے پشتوں کے اطراف کمرشل اور رہائشی اسکیموں کی این او سی منسوخ کردی گئی ہے۔ دریں اثنا نیو سبزی منڈی کے علاقے میں سرکاری اراضی پر قبضہ اور پلاٹنگ کرکے غیر قانونی طور پر فروخت کرنے والے ملزم دانش عرف جانی ولد مازن محمد گوپانگ کے خلاف ریونیو ملازم سہیل خان شیخ کی مدعیت میں تھانہ ہٹڑی میں ایف آئی آر نمبر02/2018 درج کرلی گئی ہے۔ ملزم کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
کریک ڈائون