لاہور: نواز شریف آج سے سیاسی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔مسلم لیگ ن کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، جس میں شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر مشاورت اور پارٹی کو درپیش سیاسی چیلنجوں پر غور کیا جائے گا۔
یاد رہے گزشتہ روز جاتی امرا میں نواز شریف سے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز نے ملاقات کی۔ جس میں مریم نواز بھی شریک تھیں۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران پارلیمنٹ، صوبائی اسمبلیوں اور مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں پر بات چیت کی گئی، ضمنی الیکشن کے حلقوں میں نوازشر یف اور مر یم نواز کی کارکنوں سے ملاقات یقینی بنا نے پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقع پر نواز شریف نے کہا ملک و قوم کی جنگ لڑ رہے ہیں، اس کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی جائیگی، انتقامی کارروائیوں کے خلاف آئینی، قانونی اور جمہوری حق استعمال کر یں گے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے حمزہ شہباز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ضمنی الیکشن کے حوالے سے انتخابی مہم تیز کریں، عوام کو شہباز شریف کی گرفتاری اور حکومت کے غیر قانونی اقدامات سے آگاہ کریں۔
ذرائع کے مطابق سی ای سی کے اجلاس میں حکومتی کارروائیوں کے مقابلے میں جوابی حکمت عملی تیارکی جائے گی جس کے بعد اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی۔