سویڈن آئوٹ ، انگلینڈ 28سال بعد میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں
ماسکو (سپورٹس ڈیسک )1966 کی عالمی چیمپیئن انگلینڈ نے ورلڈ کپ کپ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں سویڈن کو 0-2 سے شکست دے کر 28سال بعد عالمی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔سمارا کے ایشٹن گیٹ اسٹیڈیم میں انگلینڈ اور سویڈن کے درمیان کھیلے گئے فائنل میں میچ کی ابتدا سے ہی انگلینڈ کی ٹیم حاوی نظر آئی اور سویڈن کی ٹیم میں فنشنگ کی واضح کمی نظر آئی۔میچ کے 30ویں منٹ میں انگلینڈ کو ایک کارنر ملا اور ینگ کی جانب سے مارے گئے اس کارنر پر میگوئیر نے گول اسکور کر کے انگلینڈ کو برتری دلا دی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ ہیری میگوئر کے کیریئر کا پہلا انٹرنیشنل گول تھا۔پہلے ہاف کے آخری منٹ میں انگلینڈ کو اپنی برتری کو دگنا کرنے کا نادر موقع ملا لیکن اسٹرلنگ کوئی دفاعی کھلاڑی ساتھ نہ ہونے کے باوجود سامنے صرف گول کیپر کے ہوتے ہوئے بھی اس نادر موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔میچ کے دوسرے ہاف کی ابتدا میں ہی سوئیڈن نے گول کرنے کی کوشش کی لیکن انگلینڈ کے گول کیپر پک فورڈ نے عمدہ دفاع کرتے ہوئے اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔میچ کے 59ویں منٹ میں سویڈن کو اس وقت دھچکا لگا جب دفاعی کھلاڑیوں کے ناقص کھیل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈیلی ایلی کو گول کرنے کا موقع ملا اور انہوں نے ہیڈر کے ذریعے اپنی ٹیم کی برتری دگنی کردی۔دو منٹ بعد ہی سویڈن نے شاندار جوابی حملہ کیا لیکن انگلش گول کیپر پھر ان کی راہ میں حائل ہو گئے اور انہوں نے اس حملے کو ناکام بنا کر سویڈن کی گول کرنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا جبکہ میچ کے اختتام سے قبل بھی انہوں نے عمدہ گول کیپنگ کرتے ہوئے گول اسکور نہ ہونے دیا۔سویڈن کی ٹیم کوشش کے باوجود میچ میں کوئی بھی گول اسکور نہ کر سکی اور انگلینڈ نے میچ میں 0-2 سے فتح حاصل کر لی۔اس کامیابی کے ساتھ ہی انگلینڈ نے 28سال بعد ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا جہاں اس سے قبل اس نے 1990 میں اٹلی میں ہونے والے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ورلڈ کپ کا آخری کوارٹر فائنل میزبان روس اور کروشیا کے مابین کھیلا گیا کروشیا نے سخت مقابلے کے بعد میزبان روس کو پنالٹی شوٹ پر شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا دونوں ٹیموں میں کانٹے دار مقابلہ ہوا ۔ مقررہ وقت تک میچ ایک ایک گول سے برابر تھا اضافی وقت کے پہلے ہاف میں کروشیا نے گول کر کے اپنی برتری 2-1 کر لی اضافی وقت کے دوسرے ہافکے اختتام سے کچھ پہلے روس نے گول کر کے پھر مقابلہ برار کر دیا جس کے بعد دونوں کو پانچ پانچ پنالٹی دی گئیںجس پر کروشیا نے روس کو 4-3 سے شکست دیدی اورسیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا سیمی فائنل میں انگلینڈ کا کروشیا سے ٹاکرا پڑے گا۔