پاکستان، ایران مشترکہ بحری مشقیں آج آبنائے ہرمز میں شروع ہونگی بحری بیڑہ بندر عباس پہنچ گیا
تہران (آن لائن) پاکستان اور ایران کے مابین آبنائے ہرمز میں مشترکہ بحری فوجی مشقیں آج منگل کو شروع ہوں گی، پاکستانی بحری بیڑہ ایران کیساتھ مشترکہ بحری مشقوں کے لیے بندرعباس پہنچ گیا۔ ایرانی بحریہ کے اعلامیے کے مطابق پاکستانی بحری بیڑے میں ایک میزائل شکن بحری جہاز، ایک لاجسٹک جنگی جہاز اور ایک جدید آبدوز شامل ہیں۔ آبنائے ہرمز میں ایران اورپاکستان کی مشترکہ فوجی مشقیں آج سے شروع ہوں گی۔ مشقوں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ اعلامیے کے مطابق پاکستانی بیڑہ ایرانی حدود میں 4 روز قیام کریگا۔ ادھرایرانی بحریہ کے رئیر ایڈمرل شہرام ایرانی نے بتایا ’’بندر عباس مں پاکستانی فلیٹ کی سب سے اہم سرگرمی ایرانی بحریہ کے مخصوص یونٹوں کے ہمراہ مشترکہ مشقوں میں شرکت ہے۔ ارناکے مطابق مشترکہ جنگی مشقوں کا مقصد اسلام آباد اور تہران کے درمیان عسکری تعاون کو فروغ دینا ہے تاہم اس بارے میں مزید تفصلات نہیں بتائی گئیں۔