ارکان کی خرید و فروخت پر الیکشن کمیشن کاروائی کرے،لیاقت بلوچ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)ملی یکجہتی کونسل کی مجلس عاملہ کا اجلاس صاحبزادہ ابوالخیر ڈاکٹر محمد زبیر کی صدارت میں منصورہ میں ہوا جس میں ملی یکجہتی کونسل میں شامل سولہ جماعتوں کے رہنمائوں نے شرکت کی ۔ اجلاس کے بعد صدر ملی یکجہتی کونسل پاکستان صاحبزداہ ابوالخیر ڈاکٹر محمد زبیر اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے سید ضیاء اللہ شاہ ، یعقوب شیخ ، علامہ نیاز حسین نقوی ، پروفیسر محمد ابراہیم ، علامہ ثاقب اکبر ، اسد اللہ بھٹو ، آصف لقمان قاضی ، نذیر احمد جنجوعہ ، حافظ عبدالرزاق روپڑی ، مولانا اللہ وسایا ، خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ ، علامہ عارف واحدی ، مولانا عبدالمالک ، پیر معصوم حسین شاہ نقوی ، پیر غلام رسول اویسی ، پیر سید لطیف الرحمن شاہ اور دیگر رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سینیٹ انتخابات میں ارکان کی خرید و فروخت پر الیکشن کمیشن سخت ترین کاروائی کرے تاکہ انتخابی عمل کو دولت کی ریل پیل سے بچایا جاسکے ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل و جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاکہ 2018 ء کے انتخابات سر پر ہیں سینیٹ انتخابات میں ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت اور دولت کے عمل دخل نے بہت سے سوالات پیدا کردیے ہیں ۔ ارکان اسمبلی کو بھیڑ بکریوں کی طرح خریدے جانے پر عوام کاروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں اگر الیکشن کمیشن اس سنگین صورتحال پر بھی کوئی قدم نہیں اٹھاتا اور بکائو مال اور خریداروں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کرتا تو عوام سمجھیں گے کہ یہ سب الیکشن کمیشن کی مرضی سے ہورہاہے ۔ ایک سوال کے جواب میں لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملک کی خارجہ پالیسی ناکام ہے حکمران قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھا رہے اور حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے پاکستان کو دہشتگردی کی سرپرستی کرنے والے ممالک کی گرے لسٹ میں دھکیل دیا گیاہے ۔ لیاقت بلوچ نے شام کی صورتحال پر ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پاکستا ن ، ترکی ، ایران اور سعودی عرب کے ساتھ مل کر شام، یمن فلسطین کشمیر اور برما سمیت جہاں بھی مسلمان ظلم و زیادتی کا شکار ہیں ان کے مسائل حل کرے ۔ اتحاد امت کے عنوان سے اسلام آباد ، کراچی ، پشاور ، کوئٹہ ، گلگت بلتستان، مظفر آباد سمیت ملک کے بڑے بڑے شہروں میں کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی ۔اجلاس حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں شامل تمام ناروا ٹیکس فی الفور واپس لے ۔چوتھی قرارداد میں کہا گیا کہملی یکجہتی کونسل کا آج کا اجلاس عقیدہ ختم نبوتﷺ کے تحفظ کا بھرپور اعادہ کرتا ہے اور اس عزم کا ایک بار پھر اظہار کرتا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت ﷺ ، آئین میں موجود اسلامی قوانین اور اسلامی تہذیب و تمدن کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گا۔