احتساب عدالت میں ٹرائل کی مدت بڑھانے کے معاملہ پر خصوصی بنچ تشکیل
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی احتساب عدالت میں ٹرائل کی مدت چھ ماہ بڑھانے کے معاملے پر جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں جسٹس عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی خصوصی بنچ تشکیل دے دیا ہے ۔جو آج بروز بدھ کیس کی سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ نے پانامہ کیس کے فیصلہ کے تناظر میں احتساب عدالت کو 6ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی ۔احتساب عدالت میںشریف فیملی ودیگر کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کرنے والے جج محمد بشر نے سپریم کورٹ کے مانیٹرنگ جج جسٹس اعجاز الاحسن کو خط لکھا تھا جس میں ٹرائل کی مدت بڑھانے کی استدعا کرتے ہوئے کہا تھا کہ چھ ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کی مدت معیاد 13مارچ کو ختم ہورہی ہے ، اس میں اضافہ کیا جائے ، مانیٹرنگ جج نے خط چیف جسٹس کو بھجوا دیا تھا ، جس پر چیف جسٹس نے تین رکنی بنچ تشکیل دیتے ہوئے کیس کی سماعت 7مارچ بروز بدھ کے لیئے مقرر کردی ہے۔