آصف زرداری کی صحت روزبروزبگڑ رہی ہے‘ تیمور مہر
کراچی (نیوز رپورٹر)پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سندھ کے ترجمان تیمور علی مہر نے کہا ہے کہ آصف زرداری کی صحت روزبروزبگڑ رہی ہے،نیازی حکومت انتقام کی آگ میں اندھی ہوکر آصف زرداری کی صحت اور علاج کی سہولیات کو اندھیرے میں رکھے ہوئے ہیں ،نوازشریف کی صحت اور بیماری کو جس انداز میں میڈیا میں اچھالا گیا وہ سب نے دیکھا مگر جس انداز میں آصف زرداری کی روزبروزبگڑتی ہوئی صحت کو پردے میں رکھا جارہاہے اور ان کے علاج معالجے میں جس طر ح سے کوتاہی برتی جارہی ہے وہ بھی پوری قوم دیکھ رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے کراچی آفس میں پی وائی او کے کارکنان سے ہو نے والی ملاقات کے دوران کیا، تیمور علی مہر کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے اپنے ہردور میں عوام کی خدمت کی ہے آج پیپلز پارٹی کو عوامی خدمت کرنے کی سز ا ہی مل رہی ہے اور ایک منظم سازش کے تحت پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہے، احتساب کو ڈھال بناکر انتقامی کاروائیاں کی جارہی ہیں ، مگر سازشیں کرنے والے جان لیں کہ پیپلز پارٹی کو ختم نہیں کیا جا سکتا کیونکہ پیپلز پارٹی مظلوموں کی آواز ہے ، انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں غریبوں کا اور ایک عام آدمی کا بھلا سوچا اور ایسے اقدامات کیے جس سے مزدور طبقہ،ملازمت پیشہ اور چھوٹا کاروباری مستفید ہوسکے، پیپلز پارٹی کے قائد و کروڑوں غریبوں کے دلوں کی دھڑکن آصف علی زرداری جو اس وقت شدید علیل ہیں اور ان کی صحت روزانہ کی بنیاد پر بگڑ رہی ہے، لیکن حکومت وقت صرف انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے ان کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم نہیں کر رہی ہے، بے بنیاد کیسز کی بناء پر سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے دیگر قائدین کو پریشان کیا جارہاہے۔