ملک میں بارود نہیں درود والوں کی حکومت بنے گی‘ ثروت قادری
کراچی (نیوز رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ انتہاءپسندی اور دہشتگردی کے ذریعے ملک کو یرغمال بنانے والوں کے خلاف پی ایس ٹی اپنے وجود سے لے کر آج تک میدان عمل میں ہے۔ سیاسی طور پر گذشتہ کئی دہائیوں سے ملک کو کھوکھلا کرنے والوں کے نتائج آج کراچی سمیت ملک بھر کے عوام بھگت رہے ہیں۔ پاکستان کو تمام مصائب سے نکالنے کے دعویداروں نے ملک کو دہشتگردی، بم دھماکوں، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے سوا کچھ نہیں دیا ہے۔ اب اس ملک میں حقیقی طور پر دھماکوں والوں کی بجائے درود والوں کی حکومت بنے گی اور یہ حکومت عوام کے ووٹوں سے ہی بن کر رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایس ٹی کے نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 240 حافظ گل شیر، سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 92 کے امیدوار محمد عمران قادری کی شیرشاہ میں انتخابی مہم کے حوالے سے منعقدہ کارنر میٹنگ سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کارنر میٹنگ سے علامہ سلطان المدنی، رکن رابطہ کمیٹی فہیم الدین شیخ، پیر نبی بخش پی ایس ٹی کے امیدوار برائے حلقہ پی ایس 92 محمد عمران قادری کے حق میں دستبردار ہونے والے آزاد امیدوار عدنان صادق گجر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ انتخابات 2013 میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور بالخصوص کراچی میں ہونے والے بم دھماکوں نے الیکشن کمیشن اور نگران صوبائی حکومت کے دعوﺅں کی قلعی کھول دی ہے۔