مغربی کنارے میں چھاپوں کے دوران وزیر سمیت 5 فلسطینی گرفتار
مقبوضہ بیت المقدس (صباح نیوز)قابض اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ بیت المقدس کے امور کے وزیر سمیت 5 فلسطینیوں کو مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں انکے گھروں سے گرفتارکر لیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق علی الصبح قابض صہیونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں صوانہ گائوں پر ہلہ بولا اور مقبوضہ بیت المقدس کے امور کے فلسطینی وزیر فادی الھدمی کو انکے گھر سے گرفتار کر کے اسرائیلی تفتیشی مرکز منتقل کر دیا۔ صہیونی فوج نے کتوں کے ہمراہ گھروں پر ہلہ بولا دروازے اور کھڑکیاں توڑ دیں اور ایک اندازے کے مطابق 10000 شیکل رقم چوری کر لی۔اسی دوران قابض اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شہر جنین کے جنوب مغرب میں یعبد قصبے پر ہلہ بولا اور چار شہریوں کو گرفتار کر لیا جن میں 3 بچے شامل ہیں۔اسیران میں 17 سالہ نضال حمارش ، 20 سالہ ماہر بعجاوی ، 15 سالہ فراس ترمان اور 17 سالہ یزید بو عابد شامل ہیں۔