اسٹیٹ بینک کی خودمختاری مزید بڑھانے کی ضرورت ,بڑھتا خسارہ، کم ہوتی معاشی ترقی اور زرمبادلہ ذخائر بڑے چیلنجز ہیں:آئی ایم ایف
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومت پاکستان کی طرف سے گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھانے کو درست اقدام قرار دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ مالیاتی پالیسی مزید سخت اور شرح منافع بڑھانے کی ضرورت ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان کو ٹیکس اصلاحات اور ٹیکس آمدن بڑھانے کی ضرورت ہے۔ بڑھتا خسارہ، کم ہوتی معاشی ترقی اور زرمبادلہ ذخائر بڑے چیلنجز ہیں۔ آئی ایم ایف نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ آرٹیکل چار کے تحت معاشی جائزہ مکمل کر لیا۔ پاکستان میں معیشت کی بہتری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات ناکافی ہیں۔ بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ روپے کی قدر میں کمی کا سبب بن سکتا ہے۔ آئی ایم ایف نے اعلامیہ میں مزید کہا کہ پاکستانی روپے کی قدر میں مزید کمی کی ضرورت ہے۔ تیل کی بڑھتی قیمت پاکستان کے لئے مزید مشکلات کا سبب بن سکتی ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اچھا پروگرام ہے۔ سرکاری اداروں کے نقصانات کم کرنے کی ضرورت ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی خودمختاری مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اینٹی منی لانڈرنگ قوانین کو مزید مستحکم بنانے کی بھی ضرورت ہے۔