مہران بیس پر حملے کے مبینہ ماسٹر مائنڈ الیاس کشمیری ڈرون حملے میں جاں بحق‘ حرکتہ الجہاد اسلامی کی میڈیا کو مراسلے میں تصدیق
وانا (ریڈیو نیوز/ وقت نیوز/ ایجنسیاں) پی این ایس مہران بیس پر حملے کے مبینہ ماسٹر مائنڈ الیاس کشمیری جنوبی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے میں جاں بحق ہو گئے۔ اس ڈرون حملے میں 9 افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوئے۔ امریکی اور برطانوی خبررساں اداروں کا کہنا ہے کہ طالبان کمانڈر الیاس کشمیری دس دن قبل ہی خیبر ایجنسی سے وانا آئے تھے اور ڈرون حملے سے آدھ گھنٹہ پہلے ہی ٹھٹائی کے مقام پر پہنچے تھے۔ امریکی ڈرون طیارے نے الیاس کشمیری کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ ایک باغ میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ چائے پی رہے تھے۔ امریکی ڈرون نے دو میزائل فائر کئے جس کے بعد مزید دو میزائل داغے گئے۔ عینی شاہدین نے تصدیق کی کہ الیاس کشمیری ڈرون حملے میں مارے گئے۔ مقامی افراد نے تمام نعشوں کو غنڈنی میں دفنا دیا۔ الیاس کشمیری امریکہ کو مطلوب 5 افراد میں شامل تھے۔ القاعدہ سے منسلک تنظیم حرکة الجہاد الاسلامی کے رہنما الیاس کشمیری کراچی میں نیول بیس پر ہونے والے دہشت گردی کے حملے کا ماسٹر مائنڈ بتائے جاتے ہیں جبکہ امریکی محکمہ خارجہ حرکة الجہاد الاسلامی کو بھارت اور پاکستان میں ہونے والے کئی دہشت گرد حملوں کا ذمہ دار قرار دے چکا ہے جس میں 2006ءمیں کراچی میں امریکی قونصل خانے پر ہونے والا حملہ بھی شامل ہے جس میں چار افراد ہلاک ہوئے۔ ثنا نیوز کے مطابق کالعدم تنظیم حرکة الجہاد اسلامی اور پاکستانی حکام نے الیاس کشمیری کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیم کے ترجمان ابو حنظہ اور 313 بریگیڈ کی جانب سے میڈیا کو ارسال کئے گئے خط میں تنظیم کے امیر الیاس کشمیری ڈرون حملے میں موت کی تصدیق کرتے ہوئے امریکہ سے بدلہ لینے کی دھمکی دی ہے۔ ذرائع کے مطابق الیاس کشمیری اپنے دیگر چار کمانڈروں ابراہیمی، فاروق، امیر احمد اور عثمان سمیت جاں بحق ہوئے جبکہ عمران شدید زخمی ہوا۔ الیاس کشمیری پاکستان میں دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں مطلوب تھے جبکہ ان کو بہت سی کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ بھی بتایا گیا ہے۔ مختلف رپورٹس کے مطابق الیاس کشمیری 1980ءسے ایسی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں لیکن ان کی اصل شہرت امریکہ کے خلاف افغانستان میں جنگ سے سامنے آئی۔ واضح رہے کہ امریکہ نے الیاس کشمیر ی کے سر کی قیمت 50 لاکھ ڈالر مقرر کر رکھی تھی۔ ادھر طالبان ترجمان احسان اللہ نے غیرملکی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ الیاس کشمیری زندہ اور محفوظ جگہ پر ہیں۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ حرکة الجہاد الاسلامی کے رہنما الیاس کشمیری ڈرون حملے میں مارے گئے۔ الیاس کشمیری کی ہلاکت کے ٹھوس شواہد ہیں۔ آئی این پی کے مطابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے جلال پور پیر والا میں ورچیول یونیورسٹی کے کیمپس اور پانی کے مختلف منصوبوں کے افتتاح کے بعد حرکة الجہاد اسلامی کے رہنما الیاس کشمیری کی موت کے بارے میں میڈیا کے سوال کے جواب میں کہا کہ الیاس کشمیری کے مارے جانے کی میرے پاس کوئی اطلاعات نہیں۔ انہوں نے اس اطلاع پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ادھر وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ الیاس کشمیری ڈرون حملے میں مارے جا چکے ہیں، ابھی تصدیق نہیں کر سکتے۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ زمینی حقائق بتاتے ہیں کہ وہ اس زمین پر نہیں رہا۔
الیاس کشمیری
الیاس کشمیری