مقبوضہ جموں و کشمیر کو اندرونی معاملہ قرار دینے کی بھارتی تکرار سے جھوٹ سچ میں نہیں بدلے گا:پاکستان
پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے مسئلے کو اس کا اندرونی معاملہ قرار دینے کے دعوے سے نہ تو اس کا جھوٹ سچ میں تبدیل ہو جائے گا اور نہ ہی یہ غیر قانونی دعویٰ جائز قرار دیا جائے گا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے ایک بیان میں وزیر اعظم عمران خان کے ایک ٹویٹ پربھارتی وزیر خارجہ کے غیر ذمہ دارانہ بیان کو مسترد کر دیا جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے بھارت کے غیر قانونی حالیہ اقدامات کی مذمت کی گئی تھی۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کے حالیہ اقدامات کا مقصد ڈومیسائل قانون میں ایسے وقت میں تبدیلی کے ذریعے کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھنا ہے جب دنیا کورونا کی وباء کے خلاف جنگ لڑنے میں مصروف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے ایک بار پھر اس بات کی عکاسی ہوتی ہے کہ بی جے پی کی قیاد ت سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے اخلاقی طور پر کسی بھی حد تک گر سکتی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔ان قراردادوں میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے تنازع کا حتمی فیصلہ قوام متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔ترجمان نے کہا کہ بھارت پریہ بھی واضح ہونا چاہیئے کہ پاکستان اور اس کی قیادت کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لئے ان کی غیر متزلزل حمایت ہمیشہ جاری رکھے گی۔