محرم الحرام کے دوران امن یقینی بنانا ہم سب کی ذمہ داری: عبدالخبیر آزاد 

ساہیوال (نمائندہ نوائے وقت) محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کے سلسلہ میں حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پر کنونیئر اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور کی زیر قیادت اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب کا قافلہ امن ساہیوال پہنچا، خطبہ استقبالیہ میں کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کہا کہ ایک دوسرے کی کمزوریوں پر نگاہ رکھنے کی بجائے باہمی احترام بہت سی مصیبتوں سے بچاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام ہمیں ایک دوسرے کے ادب و احترام، بھائی چارے اور محبت کا درس دیتا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ حکومت نے پاکستان کی سلامتی و تحفظ کیلئے عزم استحکام کے لائحہ عمل کا جو فیصلہ کیا ہے پوری قوم اور علماء کرام اس فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکے شکر گزار ہیں جنہوں نے محرم الحرام میں قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے اتحاد بین المسلمین کے قافلوں کو پورے پنجاب میں بھیجا تاکہ امن و محبت کا پیغام پہنچا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و سلامتی کا قیام پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔ علماء اور عوام متحد ہوکر وطن دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ اتحاد بین المسلمین، استحکام پاکستان اور پیغام پاکستان کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ محرم الحرام کے دوران اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نگاہ رکھیں اور امن کو یقینی بنانے کیلئے علماء اپنے بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیت اور صحابہ کرامؓ کی عزت و تکریم ہمارے مذہب کا حصہ ہے۔ دین برداشت کا نام ہے، انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ بھی بہت ضروری ہے۔ اجلاس میں تمام علماء اور مندوبین نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ ساہیوال ڈویژن ہمیشہ سے امن کا گہوارہ رہا ہے اور کبھی یہاں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ یہاں سے آپکو امن کی خوشبوئیں آئیں گی۔

ای پیپر دی نیشن