ملکی معیشت کو سیاست سے الگ رکھنا چاہئے: میاں عثمان
لاہور(کامرس رپورٹر )مسلم لیگ (ن )ٹریڈرز ونگ کے سینئر نائب صدر میاں عثمان نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفت کی آڑمیں آگے بڑھتی معیشت کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی روش کو ترک کرنا ہوگا،مضبوط معیشت پاکستان کی بقا کی ضمانت ہے اس لئے اسے سیاست سے الگ رکھناچاہیے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ معیشت کو بھنور سے نکالنے پر عالمی ادارے بھی (ن) لیگ کی حکومت کی کارکردگی کے معترف ہیں لیکن سیاسی مخالفین پوائنٹ سکورننگ کیلئے منفی تاثر پیش کر رہے ہیں جو کسی طرح بھی ملک کے مفاد میں نہیں۔ چیلنج ہے جس مرضی پلیٹ فارم پر اعدادوشمار پر بات کرلی جائے انشا اللہ سیاسی مخالفین کو اپنے بیانات کے حوالے سے سبکی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ میاں عثمان نے کہاکہ اگر ملک کی معیشت مضبوط ہو گی تو اس کا (ن) لیگ یا کسی اور جماعت نہیںبلکہ پاکستان اور اس میں بسنے والے عوام کو فائدہ ہوگا اور دنیا بھی ہمیں عزت کی نگاہ سے دیکھے گی ۔کسی کو بھی سیاسی مخالفت کی آڑ میں ترقی کرتی معیشت کی راہ میں رکاوٹیں نہیں کھڑی کرنی چاہئیں اور اس رویے کر ترک کر دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بتدریج بیرونی قرضوں سے چھٹکارا حاصل کر رہی ہے اور اس کیلئے کچھ وقت درکار ہے ۔انشا اللہ آئندہ بھی مسلم لیگ (ن)کی حکومت بنے گی اور ترقی کا سفربلا تعطل جاری رہے گا۔