اعلیٰ تعلیم یافتہ خصوصی افراد کو اہلیت کے مطابق ملازمت دی جائے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کےلئے کئے جانے والے حکومتی اقدامات میں نہایت فعال کردار ادا کرنے والے باہمت نوجوان ابرار خان جو خود بھی پولیو سے متاثرہ ہیں‘ نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے اپیل کی ہے کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ خصوصی افراد کو ان کی اہلیت کے مطابق سرکاری ملازمتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ معذور افراد معاشرے پر بوجھ نہ بنیں اور باعزت روزگار کے ذریعے اپنے گھرانوں کی کفالت کر سکیں۔ بلدیہ ٹاﺅن مدینہ کالونی شموزئی محلہ کے رہائشی ابرار خان جو بچپن میں ہی پولیو کا شکار ہو کر دونوں ٹانگوں سے معذور ہو گئے تھے‘ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں اور وہ ایم بی اے کے علاوہ ایم اے انٹرنیشنل ریلیشنز اور بی ایڈ پاس ہیں۔ ابرار خان نے ایک ملاقات میں بتایا کہ انہوں نے 2012ءسے 2015ء4 سال تک حکومت سندھ اور یونیسف کے تعاون سے جاری انسداد پولیو پروگرام میں بطور یو سی کمیونٹی آفیسر خدمات انجام دی ہیں اور بلدیہ ٹاﺅن جیسے دشوار گزار علاقے میں گھر گھر جا کر پولیو جیسے موذی مرض کے بارے میں آگاہی دی انہوں نے بتایا کہ میری خدمات کے پیش نظر کمشنر کراچی کی سفارش پر وزیراعلیٰ سندھ نے مجھے تعلیم کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر ملازمت فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی لیکن تاحال وزیراعلیٰ کے احکامات پر عملدرآمد نہیں ہو سکا ہے۔ انہوں نے کمشنر کراچی اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے ملازمت کی فراہمی کے سلسلے میں ضروری احکامات جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے خصوصی افراد کےلئے ملازمتوں کا کوٹہ بڑھانے پر وزیر اعلیٰ سے اظہار تشکر کیا۔