سینیٹ ذیلی کمیٹی آئی ٹی کا فاٹا سیکرٹریٹ کے اعلیٰ حکام کی غیر حاضری پر اظہار برہمی
اسلام آباد(نوائے وقت نیوز )سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نےیونیورسل سروسز فنڈکے تحت فاٹا میں ٹیلی کمیو نیکیشن کے منصو بوں میں عدم تعا ون پر سخت برہمی کا اظہار کیا،کمیٹی نے یونیورسل سروسز فنڈ کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ فاٹامنصو بو ں پر جلد عملدرآمد شروع کرے اور فاٹا سکرٹریٹ اس معاملہ پر یو ایس ایف سے مکمل تعا ون کر ے۔یونیورسل سروسز فنڈ کے حکام نے کمیٹی کو آ گاہ کیا کہ خیبر ایجنسی کے180موضع جات میں ٹیلی کام کی سروسزنہیں ہیں،باجوڑ اور مہمند ایجنسی میں بھی منصو بوں پر کام کر نا ہے اور فاٹا سیکرٹریٹ سے تعاون کی ضرورت ہے۔ منگل کو سینٹ کی ذیلی کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کنوینر سینیٹر تاج محمد آفریدی کی زیر صدارت اجلاس میں یو سی ایف کے حکام کے علاوہ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے حکام نے شرکت کی۔ سینیٹر تاج محمد آفریدی کا کہنا تھا کہ فاٹا سیکرٹریٹ قبائلی علاقہ جات میں یونیورسل سروسز فنڈ (یو ایس ایف) کے تحت منصوبو ں کو عملی جامہ پہنانے میں سنجیدگی سے کام نہیں لے رہا۔ انہوں نے کہا کہ غیر سنجیدہ رویوں کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ذیلی کمیٹی کے سامنے اہم امور پڑے ہوئے ہیں جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور سیکرٹری لاء اینڈ آرڈر فاٹا اجلاس سے غائب ہیں۔ کمیٹی نے فاٹا سیکرٹریٹ کے اعلیٰ حکام کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے یہ بات واضح کی کہ اگر یہ رویہ رہا تو ذیلی کمیٹی متعلقہ حکام کے خلاف تحریک استحقاق لائے گی۔سینیٹر تاج آفریدی نے کہا کہ کمیٹی نے اپنی سفارشات کو حتمی شکل دینی ہے اور فاٹا سیکریٹریٹ کی بیوروکریسی کو سنجیدہ رویہ اختیار کرنا ہوگا تاکہ فاٹا کے عوام بھلائی کی خاطر کام کیا جاسکے۔ ذیلی کمیٹی نے فاٹا سیکرٹریٹ کو یہ سفارش کی کہ یو ایس ایف کو ہر قسم کی سہولیات اور فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے اور الیون کو رپشاور سے این او سی کے حصول کے سلسلے میں مناسب اقدامات لیے جائیں تاکہ یو ایس ایف فاٹا کے اندر اپنے منصوبوں کو آسانی سے شروع کرسکے۔ کمیٹی نے بلوچستان میں یو ایس ایف کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھی متعلقہ اداروں کے احکامات جاری کیے اور یہ تجویز دی کہ بلوچستان میں نیٹ ورک کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزارت آئی ٹی کے حکام نے کمیٹی کو یو ایس ایف کے منصوبوں پر عمل درآمد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور مسائل سے متعلق آگاہ کیا۔ آج کے اجلاس میں سینیٹرڈاکٹر غوث محمد خان نیازی کے علاوہ وزارت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی.