برطانیہ سمیت یورپ میں شدید سردی کی لہر جاری، 55 افراد ہلاک
لندن (آن لائن) برفانی طوفانوں نے برطانیہ سمیت کئی یورپی ملکوں کو جمادیا ہے جب کہ یورپ بھر میں شدید سردی سے اموات کی تعداد 55 ہوگئی ہے۔برطانیہ میں ’ایما‘ اور ’مشرق کے درندے‘ طوفان کے باعث شدید برفباری اور تیز ہواؤں سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوگیا ہے جبکہ اب تک 10 افراد کے موت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ملک بھر میں 4 ہزار سے زائد اسکول بند کردیئے گئے ہیں جب کہ ہیتھرو اور مانچسٹر سمیت دیگر ایئر پورٹس پر 500 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔شدید برفباری کے باعث اسپتالوں میں آپریشن بھی منسوخ کردیے گئے ہیں اور سیکڑوں گھروں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے جب کہ اسکاٹ لینڈ میں ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے فوج کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔