سیاست کے فرعون عوام میں بیداری کی لہر سے خوفزدہ ہیں: حامد رضا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ 25 جولائی عوامی احتساب کا دن ہے۔ سیاست کے فرعون عوام میں بیداری کی لہر سے خوفزدہ ہیں۔ سدا بہار حکمران خاندانوں نے ملک کی بجائے صرف اپنی تقدیر بدلی ہے۔ بلاول بھٹو کی ریلی پر پتھراؤ قابل مذمت ہے۔ نگران حکومتیں انتخابی جلسوں اور ریلیوں کی حفاظت کا بندوبست کریں۔ لگتا ہے انتخابات کے بعد سیاسی عدم استحکام میں مزید اضافہ ہو گا۔ الیکٹ ایبلز کے نام پر جاگیرداروں، سرمایہ داروں، لٹیروں اور وڈیروں کو ٹکٹیں دینے والوں نے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ تبدیلی کے نعروں کا سحر ٹوٹ چکا ہے۔ بڑی سیاسی جماعتوں کے گڑھ ان کے لئے گڑھے بن چکے ہیں۔ ووٹرز نے ووٹ کا غلط استعمال کیا تو اگلے پانچ سال پچھتائیں گے۔ الیکشن کمشن الیکشن کو سلیکشن بنانے کے تاثر کو ختم کرنے کے لئے اقدامات کرے۔ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے نظام مصطفے کے حامیوں کو پارلیمنٹ میں پہنچائے۔