اسلام آباد: کرکٹ جنوبی افریقہ کا 4رکنی وفد اسلام آباد پہنچ گیا۔ وفد ملک میں جنوبی افریقی ٹیم کے دورے کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لے گا۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹ جنوبی افریقہ کا 4رکنی وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے، وفد کی قیادت کرکٹ آپریشنزمنیجر مائیک گیجر کررہے ہیں ۔ جبکہ دیگر اراکین میں جنوبی افریقی پلیئرز ایسوسی ایشن کے نمائندے اسٹیفین کریگ کوک، سیکیورٹی کنسلٹنٹ روری اسٹین اور ٹیم سیکیورٹی منیجر محمد زنید وادی شامل ہیں۔
اسلام آباد پہنچنے پرجنوبی افریقی کرکٹ کے 4رکنی وفد کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا۔ ٹیسٹ نتائج منفی آنے پر وفد اسلام آباد میں سرگرمیوں کا آغاز کرے گا ۔ راولپنڈی میں قیام کے دوران کل افریقی بورڈ کے نمائندے پاکستان اور زمبابوے کے درمیان میچ بھی دیکھیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے وفد مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے گا۔ مشاہدے اور جائزے کے بعد وفد اپنی رپورٹ کرکٹ جنوبی افریقہ کو فراہم کرے گا، بعد ازاں دونوں ٹیموں کے درمیان ممکنہ سیریز کو حتمی شکل دی جائے گی۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان مہمان وفد کو پی سی بی کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دیں گے۔ اگر تمام معاملات طے پا جاتے ہیں تو یہ جنوبی افریقا کی ٹیم کا 12 سال بعد پاکستان کا دورہ ہوگا ۔ خیال رہے کہ اس سے قبل 2007 میں پروٹیز نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
علی امین گنڈا پور کی ’’سیاسی پہچان‘‘ اور اٹھتے سوالات
Apr 25, 2024