نشتر میں کرونا سے مزید 3 افراد جاں بحق
ملتان( سپیشل رپورٹر‘ کرائم رپورٹر )نشتر ہسپتال ملتان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا میں مبتلا 03 مزید مریض جاں بحق ہو گئے۔تفصیل کے مطابق نشتر ہسپتال کے آئی سو لیشن وارڈز میں زیر علاج ملتان کے رہائشی 70 سالہ حبیب اللہ 60 سالہ طیب اور تونسہ کی رہائشی 31 سالہ رخسانہ نے دم توڑ دیا،یوں یکم اپریل سے یکم دسمبر کے درمیان کورونا کے باعث ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 275 ہو گئی ہے،جبکہ نشتر ہسپتال میں زیر علاج کورونا کہ مریضوں کی تعداد 64 ہو گئی ہے جن میں سے 43 مریضوں کا تعلق ملتان سے ہے جبکہ 23 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور 05 مریضوں کا وینٹی لیٹر پر منتقل کر کے علاج جاری ہے،ادھر کورونا کے شبہ میں 90 مریض زیر علاج ہیں جن کی رپورٹس کا انتظار ہے،ادھر رواں سال نشتر ہسپتال میں کورونا کے شبہ میں 3 ہزار 30 افراد رپورٹ ہوئے جن میں سے 1 ہزار 118 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔کورونا ویکسین کی ایڈوانس خریداری کیلئے حکومت کی جانب سے عالمی اداروں سے معاونت لینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے،حکومت ویکسین کی خریداری کیلئے عالمی مالیاتی اداروں سے رجوع کرے گی،ورلڈ بینک، اے ڈی بی اور یونیسیف سے رابطہ کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہیں،عالمی اداروں سے ویکسین خریداری کے اخراجات پر بات چیت کی جائے گی،جبکہ طبی عملے اور تشویشناک حالت کے مریضوں کو ویکسین مفت فراہم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔نجی ایئر لائن میں سوار ہوکر مدینہ جانے والے 2 مسافروں کو کورونا ٹیسٹ پازیٹیو آنے پر فلائٹ سے آف لوڈ کردیا گیاہے۔ ملتان کا رہائشی حافظ امام بخش اور لودھراں کے رہائشی محمد شفت جو نجی ایئر لائن میں سوار ہوکر مدینہ جارہے تھے جن کی کورونا رپورٹ مثبت آنے پر فلائٹ عملہ نے اتار دیا ، مسافروں کو ایئر پورٹ ایوی ایشن ڈاکٹرز نے چودہ دنوں کے لئے خود کو گھر قرنطینہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔