گوجرخان جی ٹی روڈمیں تجاوزات کی بھر مار ، انتظامیہ خاموش
بیول( نامہ نگار) انجمن تاجراں گوجرخان کے بانی و صدر حاجی چوہدری محمد اقبال ، راجہ افتخار حسین کیانی، محسن صغیر بھٹی چیئرمین امن کمیٹی نے کہا گوجرخان جی ٹی روڈ ، گوجرخان سوہاوہ روڈ ، گوجرخان ریلوے روڈ ، گوجرخان سروس روڈ ، گوجرخان سکھو روڈ، گوجرخان مین بازار میں تجاوزات مافیا کی بھر مار ، انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے ، عوام ذلیل و خوار ہو رہے ہیں، ٹریفک وارڈن اور موٹر وے پولیس کی بے حسی سے عوام سخت عاجر ہو چکے ہیں، جگہ جگہ ویگنوں، سوزوکیوں، کیریوں، رکشوں کے اڈوں نے سڑک بلاک کر رکھی ہے رہی سہی کسر دوکانداروں نے پوری کر دی جنہوں نے اپنی دکانوں کو سٹرکوں پر سجا رکھا ہے ، ریڑھی ٹھیلے والوں نے بھی اپنی اپنی دکانیں چمکا رکھی ہیں جس سے سرکاری ملازمین ، طلباء و طالبات مریضوں کو آنے جانے میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، گھنٹوں ٹریفک جام رہتی ہے جس سے مریضوں کی جان کو خطرات لاحق ہیں مین بازار میں خریداری کے لیے آئی ہوئی عوام کو بل خصوص خواتین ، بزرگوں اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ان راہنمائوں نے اے سی گوجرخان سے مطالبہ کیا ہے کہ گوجرخان میں تجاوزات مافیا کے خلاف بلا تفریق آپریشن کر کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو جرات نہ ہو۔