مظلوم کشمیریوں کیلئے 2 تا 11 فروری عشرہ یکجہتی کشمیر مہم چلائی جائیگی: حا فظ سعید
-
لاہور(خصوصی نامہ نگار) دفاع پاکستان کونسل مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے 2 سے 11فروری تک عشرہ یکجہتی کشمیر مہم چلائے گی۔ اس دوران چاروں صوبوں و آزاد کشمیر میں کشمیرکارواں، جلسوں، ریلیوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ 2فروری کو ملک بھر کی مساجد میں علماء کرام کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و دہشت گردی کو خطبات جمعہ کا موضوع بنائیںگے۔ اسی طرح 5فروری یوم کشمیر، افضل گورو اور مقبول بٹ کے یوم شہادت کے حوالہ سے بھی ملک گیر سطح پر بڑے پروگرام ہوں گے۔ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے خصوصی ڈاکومنٹری اور ترانے تیار کئے گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بھی بھرپور مہم چلائی جائے گی۔ اس امر کا اعلان دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ محمد سعید، لیاقت بلوچ، سردار عتیق احمد خاں، اجمل خاں وزیر، مولانا فضل الرحمن خلیل، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، پیر سید ہارون علی گیلانی، علامہ ابتسام الہٰی ظہیر،محمد یعقوب شیخ، حافظ عبدالغفارروپڑی اور سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کی آزادی پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لئے انتہائی ناگزیر ہے اس کے بغیر پاکستان ہمیشہ خطرات سے دو چار رہا ہے۔ ہم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور انہیں آزادی ملنے تک ہر لحاظ سے ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ مظلوم کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پاکستانی قوم عشرہ یکجہتی کشمیر کے دوران ہونے والے پروگراموں میں بھر پور انداز سے شریک ہو‘ تا کہ دنیا کو پیغام دیا جا سکے کہ پوری پاکستانی قوم مظلوم کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بد ترین بھارتی ریاستی دہشت گردی پاکستانی حکمرانوں کی بھارت سے یکطرفہ دوستی کا نتیجہ ہے کشمیر کسی صورت انڈیا کا حصّہ نہیں رہ سکتا۔ خونی لکیر جلد ٹوٹ جائیگی۔