وزیراعظم نے آئی سی سی صدارت کیلئے نجم سیٹھی کی منظوری دے دی، یکم جولائی کو عہدہ سنبھالیں گے
لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈکے پیٹرن انچیف وزیر اعظم نواز شریف نے آئی سی سی کی صدارت کیلئے نجم سیٹھی کی منظوری دیدی۔ پی سی بی کی جانب سے انکی نامزدگی کی تصدیق کر تے ہوئے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی کے نئے صدر کے لئے وزیراعظم پاکستان نے گورننگ بورڈ کے ممبر نجم سیٹھی کے نام کی منظوری دیدی ہے ۔ پی سی بی کے سابق چیئرمین یکم جولائی 2015 سے عہدہ سنبھالیں گے ۔ پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان اور گورننگ بورڈ نے آئی سی سی کے آئندہ صدر کے لئے نجم سیٹھی کا نام تجویز کیا تھا۔ 10 نومبر کو آئی سی سی کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں نجم سیٹھی کے نام کی حتمی منظوری دی جائے گی۔ گورننگ بورڈ سے منظوری کے بعد وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے انکی نامزدگی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ۔ اس وقت آئی سی سی کے صدر بنگلہ دیش سے ہیں اور ان کے بعد ضابطے کی کارروائی کے بعد نجم سیٹھی آئندہ سال یکم جولائی کوایک برس کے لئے عہدہ سنبھالیں گے۔ نجم سیٹھی اس وقت پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن اور ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ ہیں لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ دونوں عہدے ان سے واپس لے لئے جائیں گے۔ آئی سی سی صدر ایک اعزازی عہدہ ہے جس کا فیصلہ سازی میں کوئی اثر و رسوخ نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیوں کے بعد اب کونسل کے صدر کا عہدہ علامتی رہ گیا ہے اور فیصلوں کا اختیار بگ تھری یعنی بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے پاس ہے۔