زرداری نیا صوبہ بنانے میں سنجیدہ نہیں‘ بی جے پی شوشہ اپنی موت آپ مر جائے گا : شہبازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ دانش سکول، یتیم اور انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کے بچوں کیلئے آغوش کا درجہ رکھتے ہیں اور ان سکولز میں جدید سمارٹ بورڈز کے ذریعے طلبا و طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ ضلع میانوالی کے پسماندہ قصبے ہرنولی میں دانش سکول بن سکتا ہے تو ملک کے اندھیرے بھی ختم ہو سکتے ہیں لیکن اس کیلئے قیادت کا پرعزم، مخلص اور خدمت کے جذبے سے سرشار ہونا ضروری ہے۔ محنت، دیانت اور عزم ہو تو عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبے سامنے آتے ہیں نہ کہ کھربوں روپے کی لوٹ مار کے سکینڈلز۔ وزیر اعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار ہرنولی، میانوالی میں دانش سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر پنجاب حکومت پسماندہ علاقوں میں دانش سکول بنا سکتی ہے، سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ماڈل ویلج بن سکتے ہیں تو اس ملک کے دیگر مسائل بھی حل ہو سکتے ہیں لیکن یہ نعروں اور تقریروں سے نہیں ہو گا بلکہ اس کیلئے شبانہ روز محنت اور دیانت کے ساتھ کام کرنا پڑے گا۔ سیلاب کے دوران برطانیہ اور فرانس میں سیر و تفریح کیلئے جانے والے زرداری کو ایک بار بھی متاثرین کے ساتھ ہمدردی کی توفیق نہیں ہوئی جبکہ اس وقت کے وزیراعظم گیلانی محض فوٹو شوٹ کیلئے بوٹ پر بیٹھ کر گھومتے رہے، اس شخص نے بھی جس کا میانوالی سے تعلق ہے، علاقے میں آ کر سیلاب متاثرین کی خبر نہ لی۔ ان مشکل حالات میں آپ کا یہ خادم سیلاب متاثرین کے شبانہ بشانہ کھڑا رہا اور دن رات ایک کر کے متاثرین کی بحالی کیلئے کام کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل کی دولت سے مالامال ہے لیکن حکمرانوں کی نااہلیوں کے باعث آج ایک ہاتھ میں ایٹمی میزائل ہے اور دوسرے ہاتھ میں کشکول۔ رینٹل پاور پراجیکٹ میں اربوں روپے لوٹے گئے، اوگرا میں 80 ارب روپے کا ڈاکہ ڈالا گیا، حاجیوں کی سرعام جیبیں کاٹی گئیں، پنجاب بنک میں 70 ارب روپے کا فراڈ کیا گیا۔ کرپشن کے یہ میگا سکینڈل زرداری اور ان کے حواریوں کی نااہلی اور لوٹ مار کا ثبوت ہیں۔ عدلیہ کے فیصلوں کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ اسلام آباد کے حکمرانوں نے ملک کو اندھیروں میں دھکیل رکھا ہے۔ اگر زرادی اور ان کے حواری کھربوں روپے نہ لوٹتے تو مزید وسائل عوام کے قدموں میں نچھاور کرتے کیونکہ قومی وسائل پر پوری قوم کا ہی حق ہے نہ کہ لٹیروں اور چوروں کا۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات قریب ہیں اور مجھے یقین ہے کہ قوم عام انتخابات میں ملک کے بہترین مفاد میں ایسا فیصلہ کرے گی جو پاکستان کو اندھیروں سے نکال کر اجالوں میں لے کر آئے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زرداری کا ”بی جے پی“ شوشہ اپنی موت آپ مر جائے گا کیونکہ یہ نیا صوبہ بنانے میں سنجیدہ نہیں اور ”بی جے پی“ میں میانوالی اور بھکر کو بھی زبردستی شامل کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔ انتخابات نزدیک آنے پر بعض عناصر کو اچانک احتساب کا درد اٹھ رہا ہے۔ سات سال کینیڈا کی برفانی فضاﺅں سے لطف اندوز ہونے والوں کو آج الیکشن کمشن کی تحلیل اور انتخابی اصلاحات یاد آ رہی ہیں۔ پوری قوم نے یزیدیت اور حسینیت کے نعرے لگا کر بغل گیر ہونے والوں کو اچھی طرح پہچان لیا ہے لیکن عوام لٹیروں، چوروں اور ڈاکوﺅں کے چکر میں نہیں آئیں گے۔ پیر مہر علی شاہ یونیورسٹی راولپنڈی میں سولر لیمپس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے زر بابا اور چالیس چوروں کے پھیلائے ہوئے اندھیروںکو اجالا پروگرام کے ذریعے دور کرنے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔ راولپنڈی سے چند کلو میٹر دور اسلام آباد کی پہاڑیوںمیں رہنے والے حکمرانوں نے بجلی کے نام پر اربوں کھربوں کے ڈاکے ڈالے، کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے اور عدلیہ کے فیصلوں پر عملدرآمد نہیں کیا جبکہ پنجاب حکومت نے ہمت نہیں ہاری اور اڑھائی ارب روپے کی خطیر رقم سے اجالا پروگرام کے ذریعے گھروں کو روشن کیا۔ ذہین طلبا و طالبات کی محنت سے ہزاروں گھر روشن ہوں گے اور طلبا و طالبات لوڈ شیڈنگ کے دوران اپنی پڑھائی اور امتحانات کی آسانی سے تیاری کر سکیں گے۔ زر بابا اور چالیس چوروں نے پاکستان کا دیا گل کیا اور ہم دیا جلا رہے ہیں۔ اسلام آباد کے حکمرانوں نے قوم کے اربوں کھربوں روپے اجاڑ دئیے اور ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا۔ میٹرو بس سے متعلق اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ میٹرو بس پراجیکٹ صرف لاہور نہیں بلکہ پاکستان کا منصوبہ ہے۔ پنجاب حکومت نے یہ منصوبہ ریکارڈ مدت میں اپنے وسائل اور ترکی کے تعاون کے ساتھ انتہائی معیاری انداز میں مکمل کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو کراچی سمیت دیگر شہروں میں بھی میٹرو بس پراجیکٹ جیسے پبلک ٹرانسپورٹ کے عوامی منصوبے شروع کریں گے۔ منصوبے پر 30 ارب روپے لاگت آئی ہے جبکہ سابق ڈکٹیٹر کے حواریوں نے اپنے دور میں انڈر گراﺅنڈ ٹرانسپورٹ کا کاغذی منصوبہ بنایا تھا جس پر 240 ارب روپے لاگت آنا تھی۔ اس کاغذی منصوبے کی فزیبلٹی کی تیاری میں کروڑوں روپے کا غبن کیا گیا اور منصوبہ صرف فائلوں تک محدود رہا۔ عوام کی خدمت کے لئے میری جان بھی حاضر ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے ممبر صوبائی اسمبلی میجر ریٹائرڈ محمد اعظم گھیبہ کے والد نواب غلام محمد کی وفات پر ان کی رہائش گاہ واقع پنڈی گھیب میں اظہار تعزیت کیا۔