پنجاب حکومت کا صوبہ بھر میں ایجوکیٹرز کی نئی بھرتی سے پہلے ریشنلائزیشن کا فیصلہ

ملتان(نمائندہ نوائے وقت)حکومت پنجاب نے صوبے میںایجوکیٹرز کی نئی بھرتی سے پہلے ریشنلائزیشن کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت طلبہ کی کم تعداد والے سکولز سے اساتذہ کوان سکولز میں ٹرانسفر کر دیا جائے گاجہاں طلبہ کی تعداد زیادہ اور اساتذہ کی تعداد کم ہے تاکہ وہاں سٹاف کی کمی پوری ہو سکے۔اس سلسلے میں ایسے گرلز و بوائز پرائمری ‘ ایلمنٹری ‘ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولز کی فہرستیں مرتب کی جائیں گی جہاں طلبا وطالبات کی تعداد کم ہے ۔ اس حوالے سے اب پالیسی تبدیل کر دی گئی ہے ۔اب سکولز سربراہان پر منحصر ہے کہ وہ جن اساتذہ کے نام دیں گے تو انہیں دوسرے دور دراز سکولز میں ٹرانسفر کر دیا جائے گا۔ اس سے پہلے جونیئر اساتذہ کو ٹرانسفر کیا جاتا تھا مگر اب یہ اختیار سکولز سربراہان کو دیا جا رہا ہے ۔ حکومت پنجاب کے اس فیصلے سے اساتذہ میں تشویش اور پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔