ڈی سی لاہور گلی ،بازاروں میں غیر قانونی منی پٹرول پمپس کے خاتمہ کیلئے متحرک 

لاہور(خبرنگار) ڈی سی لاہور رافعہ حیدر گلی محلوں اور بازاروں میں موجود غیر قانونی منی پیٹرول پمپس کے خاتمہ کیلئے متحرک ہیں۔ ڈی سی لاہور نے اسسٹنٹ کمشنرز اور سول ڈیفنس کو سپیشل ٹیموں کو تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ منی پیٹرول پمپس کو بند کروایا جائے اور مشینوں کو ضبط کر لیا جائے اور کسی شہری کو منی پٹرول پمپس جیسے غیر قانونی کاروبار کی ہرگز اجازت نہ دی جائے گی۔ رافعہ حیدر نے کہا کہ گلی محلوں اور بازاروں میں موجود منی پیٹرول پمپس شہریوں کی زندگیوں کیلئے خطرہ ہیں۔ دریں اثناء رافعہ حیدر نے کہا کہ گراں فروشی و مصنوعی مہنگائی کے تدارک کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور خلاف ورزی میں ملوث دکانداروں، ریڑھیوں پر پھل و سبزی مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف مقدمات و جرمانے کیے جا رہے ہیں۔ گزشتہ روز پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 1352 دکانوں، پھل و سبزی فروشوں کے ٹھیلوں، ریڑھیوں اور سبزی و فروٹ منڈیوں کی انسپکشن کی اور 43 مقامات پر منافع خوری پائی گئی اور منافع خور دکانداروں کو 55 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔