محکمہ خزانہ پنجاب ، سٹیٹ بنک میںسرکاری واجبات کی ادائیگی میں آسانی کیلئے ایم او یوسائن

محکمہ خزانہ پنجاب ، سٹیٹ بنک میںسرکاری واجبات کی ادائیگی میں آسانی کیلئے ایم او یوسائن

لاہور(کامرس رپورٹر) وزیر خزانہ پنجاب سردار محسن خان لغاری کی قیادت میں محکمہ خزانہ پنجاب اور سٹیٹ بنک آف پاکستان کے مابین سرکاری واجبات کی ادائیگی میں آسانی کیلئے حکومت پنجاب کی موبائل اور انٹرنیٹ اپلی کیشن کو وفاقی حکومت کی اپلی کیشن راست پاکستان سے منسلک کر نے کیلئے مفاہمتی دستاویز (ایم او یو)پر دستخط کی تقریب گزشتہ روز محکمہ خزانہ کے کمیٹی روم میں منعقد کی گئی۔ محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے سپیشل سیکرٹری محمد علی رندھاوا جبکہ سٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سے ڈائریکٹر فنانس قادر بخش نے معاہدہ پر دستخط کیے۔ تقریب کے دیگر شرکاءمیں ڈائریکٹر پروگرام ای پنجاب ، راست پاکستان، محکمہ خزانہ پنجاب اور انفارنیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ای پے پنجاب اور راست کے مابین اشتراک کا مقصد پاکستان میں مالیاتی سروسز کو بہتر بنانا اور کیش فلو کی مانیٹرنگ کو آسان تر کرنا ہے۔ معاہدہ کے تحت ای پے کو راست کے ساتھ منسلک کر نے صوبائی سطح پر اکٹھے کیے جانے والے محصولات کو براہ راست سٹیٹ بنک کو منتقل کیا جا سکے گا۔فنڈز کی ڈیجیٹل لائزیشن مستقبل میں مالیاتی منصوبہ بندی اور فنڈز کے موثر استعمال میں بھی معاون ثابت ہو گی۔ ای پے پنجاب اور راست کا اشتراک سے مالی وسائل کی ڈیجیٹل تقسیم مینوئل سسٹم میں ہونے والی انسانی غلطیوں کے امکانات کوکم کرے گی۔ اس کے علاوہ راست اور ای پے کا اشتراک ہر طرح کے واجبات کی فوری ادائیگیوں کے ذریعے ٹیکس سسٹم میں شفافیت کو یقینی بنائے گا۔ معاہدہ کے تحت پہلے فیز میں ابتدائی راست کی ٹیم کے ساتھ مالی معاملات کے لیے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو پروان چڑھایا جائے گا۔ بعد ازاں دیگر سٹیک ہولڈز کے ساتھ معاہدے کیے جائیں گے۔ راست اور ای پے کا اشتراک تنخواہوں، پینشنز، زکوٰة، قدرتی آفات کے انصرام،سماجی تحفظ کی فراہمی، گندم کی خریداری اور وینڈرز کی براہ راست منتقلی کو یقینی بنائے گا۔