بجلی بلوں میں ٹیکس وصولی موخر ،منی بجٹ کی تیاری :ٹی اے اے

لاہور( این این آئی)پاکستان ٹیکس ایڈوائزرز ایسوسی ایشن کے سینئر ممبر چودھری امانت بشیر نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت نے 22کروڑ عوام اور 30لاکھ ٹیکس دہندگان کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں 109فیصد اضافے نے ہر طرح کے کاروبار کو منجمد کر دیا ہے جبکہ رہی سہی کسر ڈالر کی اونچی اڑان نے پوری کر دی ہے۔ وہ گزشتہ روز ٹیکس بارز کے نمائندگان اور تاجروں کے نمائندہ وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔اس موقع پر انور عباس انور،نعیم ایوب ،صدیق بھٹی،میاں منظور،شہریار میاں اوردیگر بھی موجود تھے ۔انہوںنے کہا کہ ایک طرف بجلی بلوں کے ذریعے تاجروں سے ٹیکس وصولی کو موخر کرنے کا اعلان کیا جارہاہے اور دوسری جانب منی بجٹ کی تیاری کی جارہی ہے جس کے عوام ہرگز متحمل نہیں ہو سکتے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکسیشن پر ایک بار سٹیک ہولڈرز سے جامع اور موثر مشاورت کو یقینی بنائے۔ 


ملک سے سیاسی عدم استحکام کے خاتمے کے لیے اقدامات کئے جائیں ۔انہوںنے کہاکہ ملک میں پھیلی بے چینی کی وجہ سے سرمایہ کاری کا رجحان کم ہو رہا ہے اور لوگ مارکیٹ میں پیسہ لگانے کی بجائے اسے ڈالر ، سونے کی شکل میں محفوظ کر رہے ہیں جس سے مقامی معیشت سست روی کا شکار ہے ۔