پی آئی ٹی بی ، ماسٹر کارڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت طے پا گئی
لاہور(سپیشل رپورٹر) ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام PayZen کے ذریعے ادائیگیاں آسان بنانے کیلئے پی آئی ٹی بی اور ماسٹر کارڈ پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت طے پا گئی۔ ایم او یو کے تحت Payzen کو ماسٹر کارڈ سے منسلک کیا جائے گا جبکہ جدید ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے فنانشل ایکوسسٹم سے جڑے مختلف حصوں میں رقم کی منتقلی کو بھی آسان بنایا جائے گا۔ایم او یو پر ڈائریکٹر جنرل پی آئی ٹی بی فیصل یوسف اور کنٹری جنرل منیجر ماسٹر کارڈ جے کے خلیل نے دستخط کیے۔ ارفع ٹاور میں منعقدہ تقریب میں دونوں اداروں کے سینئر افسران شریک ہوئے اس موقع پر ڈی جی پی آئی ٹی بی فیصل یوسف نے کہا کہ پی آئی ٹی بی ماسٹر کارڈ کے ساتھ مل کر شہریوں کی سہولت کی خاطر حکومتی ادائیگیوں کی ڈیجیٹائزیشن کیلئے کام کرے گا۔ماسٹر کارڈ کیساتھ بہت جلد خوراک‘ لائیو سٹاک‘ فیسوں اور ٹولز کی وصولی میں بھی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ کنٹری جنرل منیجر ماسٹر کارڈ جے کے خلیل نے تکنیکی معاونت فراہم کرنے پر پی آئی ٹی بی کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ شہریوں کو سفر میں آسانی فراہم کرنے کیلئے ڈیبٹ، کریڈٹ اور پری پیڈ کارڈز سے ادائیگی کی سہولت بھی دی جائے گی۔