ای سٹیمپنگ نظام سے پنجاب حکومت کو 271 ارب روپے کا ریونیو حاصل 


لاہور (نیوز رپورٹر)پنجاب آئی ٹی بورڈ اور بورڈ آف ریونیو کے اشتراک سے وضع کردہ ای سٹیمپنگ نظام کے تحت پنجاب حکومت کو 271 ارب روپے سے زائد کا ریونیو حاصل ہوچکا ہے جبکہ اب تک 1 کروڑ 70 لاکھ سے زائد ٹرانزیکشنز کی جا چکی ہیں۔ پنجاب کے 36 اضلاع میں شاندار کامیابی کے بعد سندھ میں بھی ای سٹیمپنگ نظام جلد مکمل طور پر نافذ کر دیا جائے گا۔ سسٹم کے تحت انتہائی کم وقت میں سندھ کے مختلف اضلاع میں 15 ہزار سے زائد ٹرانزیکشنز کے ذریعے 92 کروڑ روپے سے زائد محصولات اکٹھے کئے جا چکے ہیں۔ ای سٹیمپنگ منصوبہ خیبر پی کے میں پائلٹ فیز میں ہے اور جلد ہی پورے صوبے میں مکمل طور پر نافذ ہو جائیگا۔ ای سٹیمپنگ سسٹم کے اجراء سے واجب الادا سٹیمپ ڈیوٹی کی درست ادائیگی ممکن ہونے کیساتھ ساتھ حکومتی محصولات میں اضافہ اور کرپشن کے خاتمے میں مدد ملی ہے۔