جانوروں کی شناخت ،پی آئی ٹی بی،ایف اے او میں معاہدہ طے 

لاہور(نیوز رپورٹر)پاکستان میں جانوروں کی شناخت اور نشاندہی سے متعلقہ نظام وضع کرنے کی خاطر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور اقوام متحدہ کی فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (FAO) کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب نیشنل ریسرچ ایگریکلچرل سنٹر میں منعقد ہوئی۔ڈائریکٹر جنرل پی آئی ٹی بی فیصل یوسف اور پاکستان میں FAO کی نمائندہ فلورنس میری رولے نے معاہدے پر دستخط کئے ۔تقریب میں ایف اے او کی جانب سے ایف ایم ڈی مینجمنٹ اسپیشلسٹ ڈاکٹر محمد افضل‘اینیمل ہسبنڈری کمشنر ڈاکٹر محمد اکرم اور ڈائریکٹر پی آئی ٹی بی خرم مشتاق اور انکی ٹیم شریک ہوئی۔ 

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل فیصل یوسف نے کہا کہ یہ نظام پاکستان میں جانوروں اور فارم کی شناخت اور نشاندہی، جانوروں کی صحت سے متعلق معلومات اور کارکردگی کے ڈیٹا کا ریکارڈ رکھنے میں مدد کرے گا۔ایف اے او کی نمائندہ فلورنس میری کا کہنا تھا کہ اس نظام کو ابتدائی طور پر گائے اور بھینسوں کے لیے استعمال کیا جائے گا جب کہ بعد میں اس میں توسیع کی جائے گی تاکہ دیگر اقسام  کے جانوروں کو بھی شامل کیا جا سکے۔